لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا اور قیدی خواتین کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز قیدی خواتین کو خود سموسے، پکوڑے، پھل اور کھانا پیش کرتی رہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس سیل کا دورہ بھی کیا جہاں ان کے والد محترم محمد نواز شریف قید کے دوران رہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز جیل میں گزرے وقت کی یادیں تازہ کرتے ہوئے جذباتی اور آبدیدہ ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے مخصوص 20بیڈز کے ہسپتال کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے قیدیوں کیلئے ویڈیو کال فیسلٹی کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جیل کے کچن کا دورہ کیا، قیدیوں کیلئے تیار کھانے کا جائزہ، معیار چیک کیا۔ مریم نواز نے قیدی خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملنے آئی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر رہا ہونے والے ہر مرد قیدی کو 15 ہزار اور کپڑے اور خواتین قیدیوں کو 15 ہزار فی کس، کپڑے اور چوڑیا ں دی گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں قیدیوں کیلئے تین ماہ سزا کی معافی اور 155قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مخیر حضرات کے اشتراک سے 15کروڑ روپے دیت ادائیگی کے بعد 155قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔ پورے پنجاب کی جیلو ں میں ویڈیو کال کی سہولت بہت جلد فراہم کر دی جائے گی۔ ایک بار قید میں والد کا ہاتھ سے لکھا ہوا خط ملا کہ مجھے یہاں سے گرفتار کر کے نیب لے جارہے ہیں۔ جیل میں مجھے کسی نے بتایا کہ آپ کے والد کی طبیعت خراب ہے اور ہسپتال لے کر جارہے ہیں، وہ آزمائش کا وقت تھا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ میں سوال کرتی تھی کہ میں نے ایسا کیا کیا؟ جو میں جیل میں ہوں اور پھر جائے نماز پر بیٹھ جاتی تھی۔ نظام عدل میں کمزوریوں کی وجہ سے بے گناہوں کو بھی جیل کاٹنا پڑتی ہے۔ جیل کے نظام میں بہتری اور قیدیوں کے لئے ممکنہ آسانیاں ضرور لائیں گے۔ جیل میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں تاکہ ہر قیدی کو معاشرے کا مفید شہری بنائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست تاریخی پیکیج کے تحت پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام کا حق عوام کی دہلیز پرمل رہا ہے، 30لاکھ سے زائد گھرانوں کو ان کی دہلیز پر نگہبان رمضان پیکیج مل گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر سوا تین کروڑ سے زائد افراد کے لئے 30ارب کا نگہبان رمضان پیکیج دیا جارہا ہے، جس کے تحت 64لاکھ گھرانوں کو نگہبان رمضان پیکیج کی ترسیل جلد مکمل کر لی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے ہر بیگ پر کیو آر کوڈ پرنٹ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے عوام کو معاشی ریلیف کے لئے تمام ممکنہ اقدام ضرور کریں گے۔ مریم نواز شریف کی ہدایت پر نگہبان رمضان پیکیج کے لئے خصوصی ہیلپ لائن-02345 0800 قائم کی گئی ہے۔
کوٹ لکھپت جیل میں قیدی خواتین کیساتھ افظار عوام کاحق دہلیز پر دینگے
Mar 18, 2024