لاہور (نوائے وقت رپورٹ ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کچے اور پکے دونوں جگہوں میں محفوظ نہیں ہیں، حکومتیں تبدیل ہوئیں لیکن کچے کے ڈاکو ہر دور میں عوام کے لیے خوف اور دہشت کی علامت بنے ہوئے ہیں۔ قوم ڈاکو ؤں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کا خاتمہ چاہتی ہیں۔ حکومت ڈاکوراج کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات کرے۔ میر علی میں فوج کے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار، سوشل میڈیا پر شہداء کی توہین کی مہم قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یارخان کی تحصیل صادق آباد میں لنڈ گینگ کے ہاتھوں شہید کئے گئے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے کارکن احسن فاروق کی نماز جنازہ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ ڈاکو باقاعدہ سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز اپ لوڈ اور پیغامات بھی دیتے ہیں، پورے علاقہ کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان، آرمی چیف، انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب اور پنجاب حکومت سے اپیل کروں گا کہ جنہوں نے اغوا کیا ہے ان کے نام ایف آئی آر میں درج ہیں، ان کے گھر اور ان کے ٹھکانے معلوم ہیں، آپ کے پاس جہاز ہے، ہیلی کاپٹر ہے، ٹینک ہے، توپ ہے، راکٹ ہے، ہر چیز موجود ہے، پاکستان کی حکومت سے کہتا ہوں کہ اگر آپ اپنے آپ کو ذمہ دار سمجھتے ہیں تو پھر اس ڈاکو راج کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات کریں۔ سراج الحق نے کہا کہ احسن فاروق اور شہزاد کو 5مارچ کو اغوا کیا گیا تھا، 5مارچ سے گزشتہ روز تک دونوں مغویوں کے خاندان حکومت کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں رہے، مقامی سیاسی رہنماؤں سے بھی رابطہ میں رہے، بالاآخر ان کی بہنیں سر پرقرآن رکھ کرکشتی میں بیٹھ کر ڈاکوؤں کے پاس گئیں، تاہم ان دونوں نوجوانوں کو ڈاکوئوں نے بڑی بیدردی کے ساتھ شہید کیا۔
قوم ڈاکوؤں اور ان کے پشت بانوں کا خاتمہ چاہتی ہے: سراج الحق
Mar 18, 2024