شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے:عبدالغفور راشد

Mar 18, 2024

لاہور( خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے شمالی وزیرستان میر علی میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو افسران سمیت سات فوجیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور اسے بزدلانہ کارروائی قراردیا ہے۔انہوں نے کہا ماہ رمضان المبارک میں دہشت گردوں کا حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں انسانیت کا احترام ہے اور نہ ہی ماہ مقدس رمضان المبارک کا۔یہ کسی گمراہ گروہ کی کارروائی ہے ، جن کا کام قتل و غارت گری کے سوا کچھ نہیں۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔سرزمین پاکستان کی حفاظت اور اس کے استحکام کے لیے افواج پاکستان کی قربانیوں کوقوم ہمیشہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں اور خاص طور پر افغانستان سے ہونے والی دراندازی پر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہیئں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ اسلامی ملک ہے۔ افغان حکام کو چاہیے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسزکی شکایات کو دور کریں۔

مزیدخبریں