جرمنی میں قتل کیےگئے پاکستان نژاد جرمن شہری فہیم الدین کی میت کراچی پہنچا دی گئی۔ چند روز قبل جرمنی کی جنوبی ریاست بادن ورٹمنبرگ کے شہر اولم میں جنونی مقامی باشندے نے پاکستان نژاد جرمن شہری کے گھر میں داخل ہوکر اہلخانہ پر چاقو سے حملہ کر دیا تھا۔حملے کے نتیجے میں 58سالہ پاکستان نژاد فہیم الدین موقع پر جاں بحق جبکہ اُن کی اہلیہ اور 13سالہ بیٹی شدید زخمی ہوگئے تھے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔پولیس کے مطابق حملہ کے وقت دو بیٹیاں گھر میں چھپ جانے کی وجہ سے محفوظ رہی تھیں، پولیس اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی اور فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کردیا تھا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ قاتل ذہنی مریض تھا اور کچھ ماہ قبل ہی دماغی علاج کرا کے واپس آیا تھا۔جس کے بعد اب فہیم الدین کی میت کراچی پہنچادی گئی ہے، متقول کی نمازجنازہ بعد نماز ظہر فیڈرل بی ایریا میں ادا کی جائےگی۔مقتول کے بھائی وجیہہ الدین نے کہاکہ فہیم الدین 1992سے فیملی کے ساتھ جرمنی میں رہائش پذیرتھے، فہیم الدین کو چھری کے وار کرکے قتل کیا گیا۔وجیہہ الدین نے دعویٰ کیا کہ قاتل نفسیاتی مریض نہیں بلکہ ٹیکسی ڈرائیور تھا، کسی کو بھی نفسیاتی قراردےکربری نہیں کرنا چاہیے۔
جرمنی میں چاقو کے وار سے قتل پاکستانی کا جسد خاکی کراچی پہنچا دیا گیا
Mar 18, 2024 | 12:23