حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب کے نعروں کی گونج سبزی منڈی تک نہ پہنچ سکی۔ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی غفلت کے باعث سبزی منڈی میں صفائی نہ ہونے کے برابر، شہریوں اور دکانداروں کو سخت مشکلات کا سامنا۔سیوریج کا نظام ناکارہ ۔ تفصیلات کے مطابق کولو روڈ پر قائم سبزی منڈی میں صفائی کی صورتحال ناگفتہ بہ ہونے کے باعث خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو پریشانی کا سامنا، سبزی منڈی میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور سیوریج کا گندا پانی نہ صرف خریداروں بلکہ دکانداروں کی صحت کیلئے خطرات کا باعث بن رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی جو منڈی میں ہونے والی تجارت اور شیڈز کے کرایوں کی مد میں لاکھوں روپے اکٹھاکرتی ہے،سبزی منڈی میں نظم و نسق برقرار رکھنے اور بالخصوص صفائی کا نظام بہتر رکھنے میں بری طرح ناکام ہے۔گاہکوں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے سبزی منڈی کا سیوریج سسٹم ناکارہ ہوا ہے۔ بارہا مرتبہ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کو مطلع کرنے کے باوجود بھی سیوریج سسٹم کو بہتر نہیں بنایا گیا۔