غیر ملکی دورہ : سرکاری افسران کے فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی عائد

Mar 18, 2024 | 13:40

کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزرا و سرکاری افسران کیلئے بیرون ملک سفری پالیسی کا اجراء کردیا۔ سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں کے دوران فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی عائد کردی گئی۔وفاقی وزراء، وزیر مملکت، مشیر اور معاونین کے سرکاری دورے وزیر اعظم کی منظوری سے مشروط ہوں گے۔سیکریٹریز، ایڈیشنل سیکریٹریز اور انچارج ڈویژنز کے سرکاری دورے بھی وزیراعظم کی اجازت سے مشروط کردیے گئے۔پالیسی میں ناگزیر صورتحال نہ ہونے کے باعث بیرون ملک سفر کی اجازت کفایت شعاری کمیٹی سے لینا لازمی قرار دیدی گئی۔اس کے علاوہ معاون اسٹاف کے بیرون ملک سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

پالیسی میں ہدایت دی گئی کہ بیرون ملک دوروں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دی جائے۔دستاویز کے مطابق 20 ویں یا اوپر کے گریڈ کے افسران اور تین ممبران کے وفد کی اجازت متعلقہ وزیر سے لی جائے گی، 3 سے زائد رکنی وفد کے سرکاری دورے کی اجازت وزارت خزانہ اور وزارت خارجہ کے ذریعے وزیر اعظم سے لی جائے گی، بیرون ملک دوروں کی تمام تفصیلات وزارت خارجہ کو فراہم کرنا لازمی ہوں گی۔

مزیدخبریں