وزیراعظم گیلانی نے منگل کی سہ پہر میاں نوازشریف کو ان کی اہلیہ کی خیریت دریافت کرنے کے لئے فون کیا اور ان سے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے کیونکہ انہوں نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا کہ جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے نہیں دیا جائے گا اور دونوں جماعتیں ملک میں سیاسی استحکام کے لئے ایک دوسرے کا ساتھ دیتی رہیں گی ۔ وزیراعظم نے نواز شریف کو وطن واپسی پر ملاقات کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی اور طے پایا کہ دونوں کی ملاقات میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔