شہبازشریف نے کرپشن‘ لوٹ مار میں ملوث افسروں کیخلاف آپریشن مﺅثر بنانے کی ہدایت کردی

May 18, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (سلمان غنی سے) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبہ میں گڈگورننس کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی محکموں اور اداروں کے اندر سے کرپشن اور لوٹ مار سمیت بدعنوانیوں‘ بے ضابطگیوں کے عمل میں ملوث افسران کے خلاف آپریشن کو موثر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مختلف محکموں کے اندر خود احتسابی کا سسٹم اتنا مﺅثر اور مضبوط ہونا چاہئے کہ کسی افسر یا اہلکار کو ایسے کسی عمل کا حصہ بننے کی جرات نہ ہو جس سے محکمہ بدنام ہو اور اس کے منفی اثرات حکومت کے امیج پر آئیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے احکامات کی روشنی میں چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے تمام انتظامی سیکرٹریوں کو ایک مکتوب بھجوایا گیا ہے جس میں انہیں تین نکات کے حوالہ سے ہدایات جاری کی گئی ہیں اور انہیں 15روز کے اندر اس حوالہ سے تفصیلات فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔ مذکورہ ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ نمبر 1ایسے عام افسران اور اہلکار جس کے خلاف کرپشن اور بدعنوانیوں کی بناءپر شکایات ہیں ان کے خلاف کارروائی کس سطح پر ہے اور کیا یہ اب بھی اپنی اپنی پوسٹ پر کام کر رہے ہیں۔ نمبر 2جن افسران کی سالانہ خفیہ رپورٹس نہیں لکھی گئیں انہیں مقررہ وقت میں یقینی بنایا جائے۔ نمبر 3ریٹائرڈ افسران اور اہلکاروں کی پنشن کے کیس کس پوزیشن میں ہیں اور اس حوالہ سے کوئی رکاوٹ ہے تو کیوں۔ حکومت پنجاب کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے انتظامی مشینری کو باور کرایا ہے کہ کرپٹ اور بددیانت افراد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے اور انہیں ایسی کسی پوسٹ پر تعینات نہیں کیا جانا چاہئے کہ اس کے کسی عمل کے منفی اثرات محکمہ اور حکومت پر آئیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کو دی جانے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ماضی میں کروڑوں کی کرپشن اور بدعنوانیوں میں بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر ملوث افسران اور اہلکار ان ہی پوسٹوں پر کام کر رہے ہیں جن کی تعداد ہزاروں میں ہے جس پر وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کرپٹ اور بددیانت افراد کے خلاف کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات پر جڑانوالہ کے ایک محنت کش محمد آصف کے بلڈ کینسر میں مبتلا کمسن بچے محمد حسن کو علاج کے لئے جناح ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا جہاں پیڈیاٹرک وارڈ میں بچے کا سرکاری خرچ پر علاج شروع ہو گیا ہے۔ شہباز شریف نے نجی ٹی وی پر چلنے والی رپورٹ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محمد حسن کے مفت علاج کا حکم دیا تھا جبکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے دیہی مرکز صحت دریا خان کو اپ گریڈ کرکے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دریا خان کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔
مزیدخبریں