اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میںکام کرنے والے سب سے بڑے امریکی امدادی ادارے میں لاکھوں ڈالرز کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ یو ایس ایڈ کی پاکستان میں ڈپٹی مشن نے ادارے کے تحت ہونے والے تربیتی پروگرام میں 7 لاکھ 15 ہزار ڈالرز کی بے ضابطگیاں کیں۔ رپورٹ کے مطابق لاکھوں ڈالرز کی بے ضابطگیوں کا انکشاف امریکی انسپکٹر جنرل کے آڈٹ میں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ادارے کی ڈپٹی مشن نے 2012ءکے دوران تربیتی پروگراموں کیلئے مختص کردہ 11 لاکھ ڈالرز کا بیشتر حصہ ہڑپ کر لیا۔ آڈٹ کے دوران معلوم ہوا کہ بین الاقوامی تربیتی پروگراموں کا ادارے کے پاس کوئی دستاویزی ریکارڈ موجود ہی نہیں جبکہ بیشتر تربیتی کورس ایسے ممالک میں کرائے گئے جہاں ان کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ رپورٹ کے مطابق یو ایس ایڈ سمیت پاکستان میں کام کرنے والے بیشتر غیر ملکی اداروں میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور بے ضابطگیاں کی جا رہی ہیں۔