واشنگٹن (آئی این پی) اس وقت جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف اپنی حکومت سازی کی تیاریاں کر رہے ہیں، امریکہ نے کہا ہے کہ یہ اب پاکستان اور بھارت کی قیادت پر منحصر ہے کہ وہ اپنے دوطرفہ تعلقات پر کام کریں۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان جین ساکی نے پاکستان اور بھارت کے مذاکرات کے سکوپ کے بارے میں کہا کہ یہ اب فریقین پر منحصر ہے کہ وہ اس حوالے سے کوئی پروگرام طے کریں۔ انہوں نے یہ باتیں نئی حکومت بننے کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات، پاکستان امریکہ تعلقات کے بارے میں سوالوں کے جواب میں کہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم نے یہ رپورٹس دیکھی ہیں، نوازشریف نے خود بھی کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ دریں اثناءامریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسی نے حالیہ عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے جنرل اشفاق پرویز کیانی کے حالیہ کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران جنرل کیانی اور پاک فوج کے رویہ کا میں زیادہ تر جنرل کیانی اور پاک فوج کو کریڈٹ دیتا ہوں۔
حالیہ انتخابات کا کریڈٹ جنرل کیانی اور پاک فوج کو جاتا ہے: جنرل ڈیمپسی
May 18, 2013