لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈرون حملوں کے بارے میں امریکی بیان قابل مذمت ہے۔ حکومت ازسرنو خارجہ پالیسی تشکیل دے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید پاکستان کے کنوینئر ممتاز سکالر میاں محمد جمیل نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھا لیا۔ اب جنگ کا پھندا امریکہ کے گلے میں ڈال دیا جائے۔ میاں جمیل نے کہا کہ عوام نے مہنگائی اور بیروزگاری کے ساتھ ساتھ ڈرون حملوں کیخلاف اقدامات نہ کرنے والوں کا بھی سخت احتساب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مشاورت سے نئی خارجہ پالیسی بنائی جائے جن میں پاکستان کے عزت و وقار اور امت مسلمہ کے مفادات کا تحفظ ہو۔