”پی آئی اے کی تباہی نواز شریف دور میں شاہد خاقان عباسی کی پالیسی سے ہوئی“

لاہو ر(خبر نگار) پی آئی اے پیپلز یونٹی لاہور (سی بی اے) کے صدر ساجد گجر اور سیکرٹری حسین عباسی نے کہا کہ پی آئی اے کی تباہی 1996ءمیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور اس وقت کے چیئرمین پی آئی اے شاہد خاقان عباسی کی اوپن سکائی پالیسی کی وجہ سے ہوئی جس کی وجہ سے پی آئی اے سے شاہد خاقان عباسی کی ایئرلائن اور دیگر ایئر لائنز نے اچھے روٹس چھین لئے۔ میاں نواز شریف ایئر لیگ کے کارکنوں کی طرف سے پیپلز یونٹی کے فلیکس پھاڑنے اور پیپلز یونٹی کے ورکرز پر تشدد کا نوٹس لیں۔ ورنہ ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔ اگر تشدد کرنے والوں کے خلاف پی آئی اے انتظامیہ نے کارروائی نہیں کی تو پھر 21 مئی کے بعد ایئرپورٹوں پر ملک بھر میں احتجاج کریں گے اور پروازیں اڑنے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایئر لیگ کے عہدیداروں نے صدر آصف زرداری اور بے نظیر بھٹو کی تصاویر کے فلیکس پھاڑ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر لیگ کے ورکرز حمزہ شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق کا نام لے کر دھمکیاں دے رہے ہیں۔ میاں نواز شریف اپنے ورکرز کو پابند کریں کہ ہمارے مینڈیٹ کا احترام کریں۔ ہمیں مارچ 2015ءتک کا مینڈیٹ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی تشدد کا واقعہ ہوا تو ہر حد تک جاکر دفاع کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن