پیپلز پارٹی کو سہارا دینے کیلئے بلاول، ذوالفقار جونیئر، فاطمہ بھٹو کو قریب لانے کی کوششیں

پیپلز پارٹی کو سہارا دینے کیلئے بلاول، ذوالفقار جونیئر، فاطمہ بھٹو کو قریب لانے کی کوششیں

لندن (خصوصی رپورٹ/ خالد ایچ لودھی) انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ناکامی کے بعد جہاں پارٹی کی اندرونی صفوں میں اکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ جاری ہے دوسری جانب لندن اور دبئی میں بھٹو خاندان کے قریبی ذرائع اپنے مشترکہ دوستوں کی مدد سے بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ فاطمہ بھٹو اور جونیئر ذوالفقار علی بھٹو کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور مشترکہ طور پر پیپلز پارٹی کی صفوں میں شامل ہو کر پارٹی کی گرتی ساکھ کو سنبھالا دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ لندن میں بھٹو خاندان کے انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں بھٹو خاندان کی ایک اہم شخصیت لندن میں بلاول بھٹو زرداری، فاطمہ بھٹو اور جونیئر ذوالفقار علی بھٹو کے درمیان ملاقات کروانے اور آئندہ کا مشترکہ سیاسی لائحہ عمل طے کرانے میں اہم کردار ادا کریگی۔ بھٹو خاندان کے ان نوجوانوں میں مشترکہ ملاقاتوں کیلئے دبئی میں پیشرفت ہوئی تھی بعد میں کسی نتیجہ کے بغیر ختم ہو گئی تھی کیونکہ انتخابات میں ٹکٹوں کے معاملات میں شروع ہی سے بلاول بھٹو زرداری کے تحفظات کھل کر سامنے آ گئے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھیوں سے رابطے کر رکھے ہیں۔ وہ پارٹی کو ازسرنو منظم کرنے کیلئے پرانے اور نئے پارٹی کارکنوں سے مسلسل رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بلاول/ بھٹو خاندان

ای پیپر دی نیشن