حکومت ذکاء اشرف کی بحالی کے فیصلے کو تسلیم کرے، نجم سیٹھی کے دور میں عہدے سمیٹنے والے مستعفی ہو جائیں: سابق چیئرمین کپتان، کرکٹرز کا ردعمل

لاہور(سپورٹس رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے حوالے سے آنے والے فیصلے پر سابق چیئرمین سمیت کرکٹرز نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے جس کے باعث ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ تین تین ماہ کیلئے چیئرمین رہنا کرکٹ کے ساتھ  مذاق ہے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کیلئے صورتحال لمحہ فکریہ ہے جس کا انہیں بریک بینی سے جائزہ  لیکر مستقل بنیادوں پر کوئی حل تلاش کرنا چاہئے ورنہ پاکستان کرکٹ بالکل تباہ ہو کر رہ جائیگی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی کو عدالت کا فیصلہ مان لینا چاہئے ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی ذکاء سے پہلے عدالت نے مجھے عہدے پر بحال کیا ہے۔  ذکاء اشرف جب عہدے کا چارج سنبھالیں گے تو نجم سیٹھی کے اچھے اور برے فیصلوں کا جائزہ لیکر مستقبل کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا تھا کہ حکومت کو ذکا ء اشرف کی بحالی کے فیصلے کو من و عن تسلیم کرنا چاہئے اور اگر اب کوئی تبدیلی کی گئی دنیا میںجگ ہنسائی ہو گی، نجم سیٹھی کے دور میں عہدے سمیٹنے والوں کو از خود مستعفی ہو جانا چاہئے۔ جونک کی طرح چمٹے لوگوں کو آگ لگا کر علیحدہ کیا جائے۔سابق چیف سلیکٹرمحسن حسن خان نے بھی عدالت کی طرف سے ذکا ء اشرف کی بحالی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ وہ کرکٹ کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائیں گے‘سیٹھی کے دور میںبورڈ نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن