ذکاء اشرف کی بحالی، سیٹھی کی سفارش پر بھرتی ہونے والوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان

May 18, 2014

لاہور (چودھری اشرف) اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد نجم سیٹھی کی سفارش پر پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھرتی ہونے والے افراد کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے جن میں چیف سلیکٹر معین خان، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، ایڈوائزر چیئرمین پی سی بی ظہیر عباس، ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین، سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد وغیرہ شامل ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چودھری ذکاء اشرف کو 10 فروری سے بحالی کے احکامات جاری کئے ہیں جس کے بعد نجم سیٹھی کے دور میں ہونے والے تمام فیصلے جس میں ایک سو سے زائد ملازمین کی فراغت، سلیکشن کمیٹیاں، ٹیم مینجمنٹ، کوچنگ سٹاف سمیت بورڈ میں مختلف بھرتیوں کا مستقبل تاریک ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے جبکہ عامر سہیل، محمد الیاس سمیت کرکٹ بورڈ میں مختلف عہدوں سے فارغ کئے جانے والے افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کہ ایک مرتبہ پھر وہ اپنے عہدوں پر بحال ہو سکیں گے۔ بحال ہونے والے چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کا مستقبل حکومت پاکستان کی جانب سے اپنائے جانے والے لائحہ عمل پر ہوگا۔ آیا وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی حکومت کے ایما پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرتی ہے یا نہیں۔

مزیدخبریں