اسٹیبلشمنٹ کے بنائے کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے: رضا ربانی

May 18, 2014

کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جمہوریت کی بقا کیلئے سپورٹ کررہے ہیں۔ سٹیبلشمنٹ کے بنائے کسی بھی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے۔ عمران خان اگر گمراہ ہوئے ہیں تو راہ راست پر آجائیں اور جمہوریت کو ری ڈیل نہ ہونے دیں۔ میڈیا ہاؤسز کے درمیان تناؤ نے ہزاروں لوگوں کا مستقبل داؤ لگا دیا ہے۔ اگر حکومت نے حساس قومی اداروں کی نجکاری کا سلسلہ نہ روکا تو پیپلز پارٹی اس معاملے پر عدالت سے رجوع کریگی۔ صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بغیر قومی اداروں کی نجکاری غیر آئینی ہے۔ حکومت نے عالمی اداروں سے غلط بیانی کرکے معاہدے کئے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ عوامی ایشوز اگر حل نہیں ہوں گے تو ہم حکومت پر تنقید بھی کریں گے اور مسائل کے حل کے لیے احتجاج بھی کریں گے۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیگی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا جھوٹا نعرہ لگایا۔ آج عوام کی زندگی لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے اجیرن ہوچکی ہے۔ سرمایہ کاروں کو تو ٹیکس میں چھوٹ مل جاتی ہے لیکن عوام کے ریلیف کیلئے حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں۔ حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہوگیا ہے۔ خلاف آئین کام پر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔

مزیدخبریں