نجم سیٹھی کی تقرری کالعدم، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ذکاءاشرف کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر بحال کر دیا

اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ سپورٹس رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کو بحال کر دیا اور نجم سیٹھی کی عبوری کمیٹی کو غیرقانونی قرار دیدیا۔ عدالت عالیہ کی سنگل بنچ نے چیئرمین پی سی بی تقرری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری کو کالعدم قرار دیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انور الحق قریشی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے برطرف 38ملازمین کو بھی بحال کر دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں 10فروری 2014ءکو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن جس کے تحت نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی مقرر کیا گیا تھا، اسے بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے بورڈ میں بنائی جانیوالی عبوری کمیٹی کو بھی ختم کرنے کا حکم دیا۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے عدالتی فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے آج کے فیصلے سے کرکٹ میں جمہوریت کی فتح ہوئی، کرکٹ کی بحالی کیلئے تمام اقدامات کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا عدالت کا حکم نامہ ابھی تک موصول نہیں ہوا، آج عدالتی آرڈر مل جاتا ہے تو سوموار کو چارج سنبھال لوں گا۔ اے این این کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا اپنی بحالی پر اللہ تعالیٰ اور عدلیہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ میں کرکٹ کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، نجم سیٹھی کے دور میں کوئی بھی غلط فیصلہ ہوا ہو گا تو اسے تبدیل کر دوں گا۔ جو لوگ کرکٹ کیلئے فائدے مند ہوں گے انہیں رکھا جائیگا باقی کو باہر کر دوں گا جبکہ غلط چیزوں کو ختم کرکے اچھی چیزوں کو جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا پہلے دن سے بگ تھری فارمولے کی مخالفت کر رہا تھا، بھارت سے سیریز اچھی بات ہے اس پر عمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نوازشریف بڑے لیڈر ہیں ہماری بات بھی سنیں میں ان سے ملنا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم ملاقات کا وقت دیں۔ لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دوسری بار معطل کئے جانے والے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے ایس آر او کے ذریعے آیا تھا عدالت نے حکومت کے فیصلے کو معطل کیا ہے، اب حکومت اور ذکا اشرف جانے میں عدالت نہیں جاﺅں گا۔ قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کرکٹ کے حوالے سے جلد قوم کو بڑی خوشخبریاں دینے جا رہے تھے، اسکے ساتھ ایک غیرملکی ٹیم کے ساتھ بھی بات چیت چل رہی تھی کہ وہ لاہور میں آکر انٹرنیشنل میچ کھیلے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...