کالا گجراں کے مکین خادم پنجاب کی نظرِ التفات کے منتظر

مکرمی! ضلع جہلم ایک پسماندہ خطہ ہے جہاں کہ لوگ تعلیم یافتہ ، پڑھے لکھے اور محب وطن ہیں۔ گزشتہ سال ہونیوالے انتخابات میں بھی جہلم کے عوام نے مسلم لیگ کے امیدواروں کو ہی کامیاب کیا لیکن افسوس کہ مسلم لیگ نے ابھی تک نہ تو اپنے وعدے پورے کئے اور نہ ہی کوئی ترقیاتی کام شروع کئے۔ یہاں کے مکینوں کی حتی الوسع کوشش اور خواہش ہے کہ جہلم کے قصبے کالا گجراں کی زیب روڈ کو فی الفور تعمیر کیا جائے جو جی ٹی روڈ سے ملتی ہے اس کی تعمیر سے بچوں بوڑھوں، عورتوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہو گا جو سکول و کالج کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے کاموں کی طرف نکلتے ہیں۔ اسی زیب روڈ سے متصل گندے پانی کے تالاب پر ایک پارک بنا دیا جائے تو اس علاقے کے عوام کیلئے جنت بن جائیگی۔ اسی طرح تالاب کیساتھ ہی لڑکیوں کے گرلز ہائی سکول ہائر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کی معصوم خواہش عوام میں پائی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں بارہا مرتبہ صوبائی حکومت کو درخواست کی گئی لیکن تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ یہاں کی خواتین ایک دستکاری سکول اور کمپیوٹر کلاسز کے اجرا کیلئے تگ و دو کر رہی ہیں۔ علاقے کی معزز خاتون روبینہ آفتاب وزیر اعلیٰ پنجاب کو درخواست دے چکی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے انہیں یقین دلایا کہ اس سلسلے میں جلد کام کا آغاز کر دیا جائیگا لیکن اس تک کوئی پیشرفت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کہ خدارا اپنے عوام کی امنگوں کی حفاظت کریں انکی حوصلہ افزائی کریں۔(ملک فخر الاسلام ۔ کالا گجراں جہلم)

ای پیپر دی نیشن