لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن‘ خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن کی زیرصدارت ریسورس موبلائزیشن کمیٹی کے اجلاس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ محکمہ صحت نے آر ایچ سی / بی ایچ یو‘ ڈی ایچ کیو‘ ٹی ایچ کیو اور ٹیچنگ ہسپتالوں میں آؤٹ ڈور پرچی فیس میں اضافہ کا فیصلہ کیاہے جس سے 73.378 ملین روپے، جبکہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو میں نان اے سی پرائیویٹ روم کا کرایہ 200 روپے سے بڑھا کر 500 روپے اور ٹیچنگ ہسپتالوں و دیگر اداروں میں پرائیویٹ اے سی روم کا کرایہ 245 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے یومیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجتبی شجاع الرحمن نے کہاکہ نئی ٹیکسیشن کرتے وقت عام آدمی کی مشکلات اور کم آمدنی والے شعبوں کو بھی مدنظر رکھا جائے گا اور ٹیکس دینے کے قابل شعبوں کو ہی ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے‘ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹیکس وصولی کے نظام کو بھی سادہ اور آسان بنا رہی ہے۔ عوام کے لئے فلاحی و ترقیاتی منصوبے ٹیکسوں کی وصولی سے ہی شروع و مکمل کئے جاتے ہیں جس کے لئے حکومت ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرے گی تا ہم اس بات کو مدنظر رکھا جائے گا کہ کم آمدنی والے شہری متاثر نہ ہوں۔
نئی ٹیکسیشن میں کم آمدنی والے شعبوں کو مدنظر رکھا گیا ہے: مجتبیٰ شجاع
May 18, 2014