لاہور(خصوصی رپورٹر)سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم الغدیرنے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک ہے پاکستان سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں جیسے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ میں نے یہاں بحیثیت سفیر پانچ سال گزارے لیکن لگتا ہے پانچ دن گزرے ہیں میں یہاں سے جا رہا ہوں لیکن میرا دل یہاں پاکستان میں ہی رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی کی جانب سے اپنے اعزاز میں الوداعی ظہرانے اور دیگر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا بادشاہی مسجد کے خطیب و چیئر مین انٹر فیتھ کونسل پاکستان مولانا سیدعبدالخبیر آزاد کی جانب سے بھی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی ۔ جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا سعودی سفیر عبدالعزیز الغدیرکی بے مثال خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی علاوہ ازیں جماعت اہل حدیث کے وفد نے امیر جماعت حافظ عبدالغفار روپڑی کی قیادت ان سے الوداعی ملاقات کی ۔ دریں اثناء سعودی سفیر نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سینئر پروفیسر ساجد میر اور سیکرٹری جنرل حافظ عبدالکریم سے مرکز اہل حدیث میں الوداعی ملاقات میں کی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بغیر مسلم امہ کا کوئی تصور نہیں۔