نیویارک + نئی دہلی (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) امریکی اور بھارتی اخبارات نے نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ فتح کے نشہ میں نہ پڑیں اور مسلمانوں کی جانب رجوع کریں۔ ایک سرکردہ امریکی اخبار نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مودی اقتصادی بحالی کی اپنی منزل کا حصول چاہتے ہیں تو وہ فوقہ واریت پھیلانے اور مسلمانوں کیخلاف اقدامات سے گریز کریں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق 2002ء میں گجرات میں مودی کے دور میں مسلم کش فسادات میں 1000 افراد مارے گئے تھے۔ ٹائمز کے مطابق بھارتی مسلمانوں کو تشویش لاحق ہو گئی ہے۔ اخبار کے مطابق یہ خدشہ پایا جاتا ہے کہ مودی اپنے مخالفین کو کچلنے کی کوشش کرینگے۔ گجرات کے فسادات کے بعد امریکہ نے مودی کے داخلے پر پابندی لگا دی تھی مگر اب اوباما حکومت نے فوری طور پر انہیں وائٹ ہائوس کے دورے کی بھی دعوت دیدی ہے۔ بھارتی اخبارات نے مودی کو مسلمانوں کی جانب توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔