ملک میں عدم استحکام، انتشار کے خواہاں عناصر سانحہ کراچی کے پیچھے ہیں: شاہ محمود

ملتان (آئی این پی + آن لائن) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پاکستان میں عدم استحکام اور انتشار کے خواہاں عناصر سانحہ صفورا گوٹھ کے پیچھے ہیں، ملک میں ’’را ‘‘ کی سرگرمیاں سنجیدہ مسئلہ ہے، حقائق سامنے آنے پر ہوسکتا ہے حکومت حرکت میں آئے، اسماعیلی کمیونٹی کی سوچ مثبت اور تعمیری ہے، لگتا ہے پاکستان کوعدم استحکام اور انتشار کرنے والے کچھ عناصر کا سانحہ صفورا میں ہاتھ ہے۔ پاک گیٹ چوک پر اسماعیلی برادری کے ساتھ سانحہ صفورا گوٹھ میں معصوم اور بے گناہ افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ان کی خواہش ہے سانحہ میں ملوث افراد پکڑے جائیں۔ ان کا کہنا تھا ملک میں را کی سرگرمیوں کے حوالے سے پہلے کور کمانڈر کانفرنس ہوئی، آئی ایس پی آر نے بیان جاری کیا اس کے بعد آرمی چیف نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر کے اس بارے میں مفصل بریفنگ لی اب آرمی چیف سویلین قیادت سے نشست چاہتے ہیں تاکہ ان کو حقائق سے آگاہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا وزارت خارجہ حکومت پاکستان کے تابع ہے اور وزیر خارجہ اس وقت خود وزیراعظم ہیں اس لئے ان کو اپنا کردار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا اس وقت ملک کے سکیورٹی آپریٹرز کو حکومت کا کردار نظر نہیں آرہا شاید حقائق سامنے آنے پر حکومت حرکت میں آجائے۔ انہوں نے کہا سراج الحق نے ان کو فون کر کے واضح کیا ہے مسلم لیگ ن کی حمایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جبکہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ان کا مزاج نہیں ملتا اس لئے امید ہے جماعت اسلامی تحریک انصاف کے پلڑے میں اپنا وزن ڈال دے گی عوام اس وقت مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے تھک چکے ہیں اس لئے پی پی 196کے ضمنی الیکشن میں عوام سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا مخدوم جاوید ہاشمی نے رفیق رجوانہ کے گورنر بننے کے بعد اچھی حکمت عملی اپنائی، اس لئے وہ سفارش کرتے ہیں جاوید ہاشمی کے تجربے کو مدنظر رکھ کر ان کو سینیٹر بنا دیا جائے جاوید ہاشمی سینیٹر بن گئے تو یہ ملتان کے لئے اعزاز ہوگا۔ انہوں نے کہا سٹیٹ بینک کی معاشی پالیسی کے حوالے سے رپورٹ نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کورکمانڈر کراچی نے واضح کیا ہے موجودہ حالات حکومت کی ناکامی ہے اور اس وقت حکومت وفاقی اور سندھ کی صوبائی حکومت کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو باتیں کورکمانڈر کراچی نے کی ہیں وہ تحریک انصاف اور عمران خان کے بیان کا تجزیہ ہے۔ جو لوگ ہمارے ملتان جلسہ کو ناکام کہہ رہے ہیں وہ جلسہ کر کے دیکھ لیں تاکہ ہم بھی ان سے کچھ سیکھ سکیں۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا جاوید ہاشمی کو مسلم لیگ ن کی طرف سے سینٹ کا ٹکٹ ملتا ہے تو انہیں سینیٹر بن جانا چاہئے، وہ اچھے سینیٹر ثابت ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...