کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ اگر ہم نے اس قوم کو بنانا ہے تو ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والی قومیں ترقی کرتی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ہمیں الزام تراشیوں سے باہر نکلنا ہوگا۔ پاکستان کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ کراچی کے شہریوں کو پانی کی تنگی ہے، شہریوں کے اس مسئلے کو حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ پانی کے مسئلے کو جلدازجلد حل کریں۔ لوگوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت وقت کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل سے تنگ آکر ملک چھوڑنے کی باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ تب تک جاری رہے گی جب تک اس میں کامیاب نہیں ہوجاتے۔ کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ وہ اپنا ایجنڈا پاکستان پر مسلط کرے، غلط فہمیوں کے سبب ملک کو دہشت گردی، انتہاپسندی کا سامنا ہے۔ کچھ غلط فیصلوں کا خمیازہ آج ہم اور ہمارے بچے بھگت رہے ہیں۔