اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے خیبر پی کے میں پن بجلی کے منصوبوں کے لئے ریاستی گارنٹی فراہم کرنے پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے ۔ وزیر اعلی خیبرپی کے نے صوبوں کے لئے غیر ملکی قرضوں کی حد میں اضافہ کرنے کے لئے آئین میں ترمیم کا مطالبہ کیا تھا ۔ آئین کے آرٹیکل 67 کے مطابق صوبے 200 سے 300ملین ڈالرز تک غیر ملکی قرضہ لے سکتے ہیں ۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق خیبرپی کے حکومت کی جانب سے توانائی کے سستے ترین پن بجلی منصوبوں کے لئے غیر ملکی قرضوں پر وفاق کی جانب سے ریاستی گارنٹی فراہم نہ کئے جانے کے بعد صوبوں کے لئے غیر ملکی قرضوں کی حد میں اضافے کے لئے آئین میں ترمیم کا مطالبہ کیا تھا ۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں توانائی اور دیگر گرین ٹرین منصوبوں میں ہونے والی غیر ملکی سرمایہ کاری جو صوبوں کے لئے مقررہ حد سے زیادہ ہے پر وفاق کی جانب سے ریاستی گارنٹی فراہم کرنے پر دیگر صوبوں خصوصاً خیبرپی کے نے شدید احتجاج کیا تھا او ر کہا تھا کہ مہنگے تھرمل بجلی کے منصوبوں کے لئے تو ریاستی گارنٹی فراہم کر دی جاتی ہے مگر سستے پن بجلی منصوبوں کے لئے فراہم نہیں کی جاتی۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے خیبرپی کے حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مجوزہ درخواست کی قومی اقتصادی رابطہ کونسل سے منظوری تک وفاق اور اقتصادی امور ڈویژن خیبرپی کے حکومت کو پن بجلی منصوبوں کے لئے ریاستی گارنٹی فراہم کرے گا ۔
خیبر پی کے میں پن بجلی گھر منصوبوں کیلئے وفاق ریاستی گارنٹی دینے کیلئے آمادہ
May 18, 2015