پشاور(آن لائن)وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاق اور خیبر پی کے کے مابین صوبائی حقوق کے حوالے سے تمام اُمور پر تفصیلی بات چیت ہوچکی ہے اور اس بارے میں سفارشات مرتب کرلی گئی ہیں جو مشترکہ مفادات کونسل میں منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی بجلی کے خالص منافع کی مد میں وفاق سالانہ 17 ارب روپے سالانہ کے علاوہ سابقہ بقایاجات کی ادائیگی بھی ممکن بنائے گا اسی طرح دیگر واجبات میں 112 ارب روپے وفاق صوبے کو دے گا جبکہ اضافی گیس سے بجلی بنانے، پانی سے سستی بجلی بنانے کے 13 منصوبوں سمیت اہم منصوبوں اور پی ایس ڈی پی میں میگا پراجیکٹس پر اتفاق رائے ہوچکا ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور صوبے کے کوٹے پر بھی اتفاق ہوگیا ہے لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے کوٹے کے حوالے سے اگلا راﺅنڈ پارلیمانی رہنماﺅں کے ہمرا ہ چیف ایگزیکٹو پیسکو اور واپڈ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ہوگا بلدیاتی انتخابات کے ذریعے عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنارہے ہیں حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے والے مخالفین کو 30 مئی کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گاتحریک انصاف تیس مئی کو ہونے والے انتخابات میں واضح فتح حاصل کرے گی وہ وزیر اعلیٰ کیمپ آفس نوشہرہ میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کے حقوق اور وسائل پر اختیار پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور وفاق سے صوبے کا حق لے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف صوبائی اور وفاقی حکومت ملکر لائحہ عمل طے کرے گی۔ علاو ازیں پرویز خٹک نے ملتان کے ضمنی الیکشن کےلئے جماعت اسلامی سے حمایت مانگ لی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال اور ضمنی الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ پرویز خٹک نے ملتان کے حلقہ پی پی 196 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کرنے کی درخواست کی۔ جس پر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی حمایت کا فیصلہ مشاورت سے کرے گی۔
پرویز خٹک