لاہور(آن لائن) الیکشن 2013ءمیں دھاندلی کا خمیازہ پورے ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے، 20 سال سے اقتدار پر قابض حکمرانوں کو جنگلہ بس یا انڈرپاسز کے علاوہ ملک میں کوئی مسئلہ نظر نہیں آ رہا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے حلقہ این اے 108 منڈی بہاﺅالدین کے نمائندہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے قبل مرحوم چودھری سلطان محمود کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں مسلم لیگ کے امیدوار حمزہ ناصر اقبال، ایم این اے طارق بشیر چیمہ، ریاض اصغر چودھری، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، امتیاز رانجھا، ساجد خان بھٹی، عارف گوندل، ذوالقرنین ساہی، رمیز حسن خواجہ، خالد پرویز سندھو، فہمیدہ ‘ افضال تارڑ سمیت دیگر ارکان نے تجاویز پیش کیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ زندہ ہے اسے مردہ کہنے والے خواب غفلت سے جاگ جائیں، دیگر سیاسی جماعتوں نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو الیکشن کی تیاریوں کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن 2013ءمیں دھاندلی ایک تلخ حقیقت ہے اور یہ جلد پوری طرح سامنے آ جائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے خاندان کے ساتھ حمزہ ناصر اقبال کے خاندان کا گہرا تعلق ہے، اسے مزید آگے بڑھائیں گے، الیکشن 2013ءمیں غلط فیصلے ہوئے جس سے پورا ملک اندھروں میں ڈوب گیا، اس ا لیکشن کا خمیازہ پورا ملک آج تک بھگت رہا ہے، ن لیگ 20سال سے اقتدار پر قابض ہے اسے انڈرپاسز اور جنگلہ بس بنانے کا علاوہ غریب عوام کا کوئی مسئلہ نظر نہیں آ رہا، ملک دہشت گردی کا شکار ہے اور حکمرانوں کو بیرونی ممالک کے دوروں کا شوق چڑھا ہوا ہے۔
چودھری شجاعت