پاکستان میں مداخلت، بھارت سے صاف اور دو ٹوک بات کی جائے: حافظ سعید

حیدر آباد (صباح نیوز) امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبے کے اعلان کے بعد بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کا نیا بازار گرم کردیا ہے۔ اس منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی را نے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔ بھارت سمجھتا ہے کہ یہ منصوبہ مکمل ہوگیا تو پاکستان جنوبی ایشیا کا ایک مضبوط ملک بن جائے گا۔ بھارت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں دیکھنا چاہتا۔اس لئے وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے ملک میں دہشت گردی پروان چڑھا رہا ہے۔ پاکستان میں مداخلت کے مسئلے پر بھارت سے صاف اور دوک ٹوک بات کی جائے۔ وطن عزیز میں فرقہ ورانہ، لسانی فسادات اور قتل وغارت گری میں بھارت ملوث ہے۔ وہ مرکز سعد بن معاذ حیدرآباد میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہاکہ ماضی میں بھارت کے جارحانہ رویئے کے مقابلے میں پاکستانی حکومتوں کی پالیسی نہایت فدویانہ رہی ہے لیکن اب وزیراعظم، آرمی چیف ، دفاعی اداروں اور دفترخارجہ کی طرف سے پاکستان میں دہشت گرد ی کے سرپرست کو بے نقاب کرنا خوش آئند ہے۔ حکومت حقائق کھل کر سامنے آنے کے بعد بھارت کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے کراچی کے واقعہ پر بھارت کے ملوث ہونے پر کھل کر اظہار نہیں کیا۔ دراصل بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے پیچھے مغرب ہے۔ امریکہ بھارت کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی شہ دے رہا ہے۔ کشمیری بہن آسیہ اندرابی نے ایک بار پھر پاکستان کا پرچم لہرا کر ثابت کردیا ہے کہ کشمیری پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں۔کشمیری اپنا حق خودارادیت مانگتے ہیں لیکن غاصب بھارت کشمیریوں کی آواز کودبانا چاہتا ہے۔ کشمیریوں کی حالیہ تحریک نے بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ صلیبی و یہودی مسلمانوں کے روحانی مرکز سعودی عرب کا گھیر ا تنگ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے ان ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔
حافظ سعید

ای پیپر دی نیشن