گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ایمن آباد میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 3 فرار ہو گئے۔ اسلحہ اور بارودی مواد قبضہ میں لے لیا گیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی آمد کی اطلاع پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ایمن آباد کے علاقہ پورن پورہ کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ اس دوران اہلکاروں نے ناکے سے گزرنے والی مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا۔ کار میں سوار افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔ اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں 4 دہشت گرد مارے گئے اور 3 فرار ہو گئے۔ ایک دہشت گرد کی شناخت عبدالرحمن کے نام سے ہوئی ہے جو مختلف تھانوں کو درباروں کے متولیوں سمیت متعدد افراد کے قتل میں مطلوب تھا، مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ایک کار اور موٹرسائیکل پر سوار تھے تاہم ہلاک دہشت گردوں کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ سے بتایا جاتا ہے۔