راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر شفقت چیمہ کو نیب نے گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شفقت چیمہ کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر پر لوگوں کو غیرقانونی طور پر سری لنکا بھجوانے کا الزام ہے۔ اسکے علاوہ ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام بھی بتایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ شفقت چیمہ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنوبی ایشیا سمیت متعدد اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ ملزم پر انسانی سمگلنگ کا بھی الزام ہے۔ وہ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنوبی ایشیا رہے اس حیثیت میں شفقت علی چیمہ پر لوگوں کو غیرقانونی طور پر سری لنکا، بھوٹان بھجوانے کا الزام ہے۔ نیب نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈائریکٹر شفقت چیمہ سے 5کروڑ روپے برآمد کر لئے گئے۔ ڈائریکٹر شفقت چیمہ کو سیکرٹری خارجہ کی شکایت پر گرفتار کیا گیا۔نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامران جانوری کو رشوت کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کامران جانوری انوسٹی گیشن سرکل تین میں تعینات تھے۔شفقت علی چیمہ کی نشاندہی پر نیب نے مزید چھاپے مارے۔ تفتیشی ٹیم نے شفقت علی چیمہ کی اسلام آباد رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ شفقت چیمہ کے گھر سے سپین میں ہوٹل کی ملکیتی دستاویزات برآمد کی گئیں۔ شفقت علی چیمہ کے گھر سے ملک کے اندر کروڑوں روپے کی جائیداد کی دستاویزات بھی برآمد کی گئیں۔ شفقت علی چیمہ 2004ء میں سپین میں پاکستانی ایمبیسی میں سیکنڈ سیکرٹری تعینات تھا۔ سپین میں پاکستانی سفیر نہ ہونے پر تمام اختیارات شفقت چیمہ کے پاس تھے۔