واشنگٹن (آن لائن) واشنگٹن میں پاکستانی سفیر اعزاز چودھری اور امریکی رکن کانگریس تھامس سوزی کی ملاقات ہوئی،جس میں امریکی رکن کانگریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی سے متعلق ابہام دور کرنے کی ضرورت ہے، قومی سلامتی سے متعلق پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان اور امریکہ مل کر افغانستان میں استحکام کیلئے کام کرسکتے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان کی سکیورٹی اور معاشی کامیابیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ تھامس سوزی کا مزید کہنا تھا قومی سلامتی سے متعلق پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ پاکستان کے حالات میں مثبت تبدیلیاں بھی آئی ہیں۔ دوسری طرف اعزاز چودھری نے ورلڈ افیئر کے سفیر سیریز پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا افغانستان میں ناکامی کا الزام پاکستان پر ڈالنے کا رجحان ختم ہونا چاہئے۔ قربانی کا بکرا نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی ہولناک خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ اعزاز چودھری نے کہا بھارت نے پاکستان سے مذاکرات خود معطل کیے ہیں۔ بھارت آمادہ ہو تو پاکستان بھی بات چیت کے لیے تیار ہے۔اعزاز چودھری نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مذاکرات معطل ہونے سے باہمی تعلقات مزید خراب ہوئے۔ انھوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور سیاسی اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔
اعزاز چودھری