نئے ٹورآپریٹرز کو پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر حج کوٹہ دیا جائے: سپریم کورٹ

May 18, 2017

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے نئے ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ الاٹ کرنے سے متعلق درخواستوں پر محفوظ فیصلہ جاری کر دیا،جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 21 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا،18 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس مقبول باقر نے تحریر کیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نئے ٹور آپریٹرز کو پہلے آؤ اور پہلے پاؤ کی بنیاد پر کوٹہ فراہم کیا جائے،ٹور آپریٹر کو تجربے کے ساتھ ساتھ مالی طور پر مستحکم بھی ہونا چاہئے، معیار پر پورا اترنے والے ٹور آپریٹرز کی حوصلہ افزائی کی جائے، تمام عمل کے اندر شفافیت کو یقینی بنایا جائے، مارکیٹ میں مقابلے کی فضا بننے سے عازمین کو مزید سہولیات فراہم ہونگی، حکومت حج پالیسی کا از سر نو جائزہ لے۔ نئی حج پالیسی مرتب کرنے کیلئے سیکریٹری مذہبی امور کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے، مسابقتی کمشن، وزارت خارجہ، قانون و انصاف اور اٹارنی جنرل کا ایک ایک نمائیندہ کمیٹی میں شامل ہو، کمیٹی نئی آنے والی درخواستوں کا جائزہ بھی لیکر فیصلہ کرے،عدالت نے وفاقی وزیر مذہبی امور کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر 30 دن کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

مزیدخبریں