پاکستان سپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے سپورٹس انشورنس پالیسی کی منظوری دیدی

لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے قومی کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس انشورنس پالیسی لانے ، اسلام آباد میں ہاکی اسٹیڈیم کو لیجنڈ گول کیپر منصور احمد کے نام سے منسوب کرنے ، نارووال سپورٹس کمپلیکس کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کرنے سمیت منصور احمد کے اہلخانہ کو 10لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی جبکہ وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ کا کہنا تھا کہ کہ نارووال سپورٹس کمپلیکس پر نیب نے نہیں بلایا ، نیب والے کسی کو بھی بلا سکتے ہیں جب بلائینگے تو پیش ہو جائینگے ۔اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت ہونیوالے پاکستان سپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں ہاکی لیجنڈ منصور احمد کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور کھلاڑیوں کی دوران علالت، حادثہ کے پیش نظر قومی کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس انشورنش پالیسی لانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت تمام فیڈریشنز سے کھلاڑیوں کے نام لئے جائینگے اور سٹیٹ لائف کے ذریعے قومی اتھلیٹس کی انشورنس کروائی جائےگی ۔ بیڈمنٹن کی سابق پلیئر زرینہ وقار کے علاج کیلئے بھی 10لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی ۔
فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈبلیو ڈی سے ڈپیوٹیشن پر نارووال سپورٹس کمپلیکس کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور پاکستان سپورٹس بورڈ ہیڈ کوارٹرز کیلئے چیف انجینئر کی خدمات لی جائے گی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ نے کہاکہ اجلاس میں کھیلوں کے حوالے سے مختلف سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور ساوتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے حوالے سے بھی مختلف امور زیر غور آئے جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سیف گیمز کے انعقاد کیلئے فنڈز بھی مختص کئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں گول کیپر منصور احمد کی خدمات کے پیش نظر انکے نام سے ہاکی اسٹیڈیم منسوب کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام واپس لایا جائے ۔ ریاض پیر زادہ نے مزید کہاکہ وزیر اعظم کی ھدایت ہے کہ اچھی کارکردگی دکھانے والی فیڈریشنز کو زیادہ فنڈز دیئے جائے ۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ملک کیلئے سود مند ثابت ہو گا ۔ نارروال سپورٹس کمپلیکس پر نیب کی انکوائری کے حوالے سے ریاض پیر زادہ کا کہنا تھا کہ نارووال سپورٹس کمپلیکس پر نیب نے نہیں بلایا ، نیب والے کسی کو بھی بلا سکتے ہیں جب بلائینگے تو پیش ہو جائینگے ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ میں پارٹی بازی تھی جسے ٹھیک کر دیا گیا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن