اسلام آباد(سہیل عبدالناصر)افغان مسئلہ کے حل کیلئے علاقائی کوششوں میں تیزی آ رہی ہے اور اسی سلسلہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے افغانستان کا اجلاس اٹھائیس مئی کو بیجنگ میں منعقد ہو رہا ہے۔ پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اس اہم اجلاس میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق، افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم جیسے اداروں یا چین اور روس کی انفرادی کوششوں سمیت تمام مساعی کی پاکستان بھرپور حمائت کرتا ہے کیونکہ افغانستان کی خراب صورتحال سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے اور اس جنگ زدہ ملک میں امن بحال نہ ہونے کی وجہ سے علاقائی معاشی تعاون کی راہیں اب تک مسدود چلی آ رہی ہیں۔ اس ذریعہ کے مطابق افغان خود بھی امن کے خواہاں ہیں لیکن دیکھنا ہو گا کہ کن عناصر نے پہلے چار ملکی میکنزم کی کوششوں کو ناکام بنایا اس کے بعد قیام امن کی دیگر کوششوں کو سبوتاژ کیا گیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں چونکہ خطہ کے وہ ملک شامل ہیں جو افغانستان سے جڑے ہوئے ہیں یا قریبی پڑوسی ہیں اس لئے امید کی جاتی ہے کہ وہ پورے جوش اور لگن کے ساتھ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو آگے بڑھائیںگے۔