راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی کنوینریوم یکجہتی فلسطین ڈاکٹرایس زمان نے کہاہے کہ قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی جانب سے اعلان کے مطابق جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین ملک بھر میں مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایاجائیگا۔ اس موقع پرملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت ، صیہونی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیگی ۔ جمعرات کو راولپنڈی ریجن کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرایس زمان نے کہاکہ امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی پر عالمی اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں کہاکہ مسلمانوں کا قبلہ اول مسلمانوں کی غیرت کو جھنجھوڑ رہا ہے لیکن افسوس کہ مسلم حکمرانوں کے ضمیر مردہ ہو چکے ہیں جن کی پہلی اورآخری ترجیح اقتدارکا دوام اور بادشاہتوں کی حفاظت ہے۔انہوںنے باور کرایا کہ بیت المقدس تمام ادیان و مذاہب کے نزدیک محتر م ومکرم قرار پایا جس پر بد قسمتی سے اسوقت یہود جبکہ کشمیر پر ہنود قابض ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اہم اسلامی مسائل کے حل کیلئے اسلامی سربراہ کانفرنس (او آئی سی) کا قیام عمل میں لایا گیا توطے کیا گیا کہ مسلم ممالک کا اپنا اسلامی ترقیاتی بینک، بین الااقوامی اسلامی خبر رساں ایجنسی، اسلامی ریاستوں کی براڈ کاسٹنگ تنظیم ، اسلامی ممالک کے دارلحکومتوں کی تنظیم ، اسلامی اتحاد فنڈ اور القدس فنڈ قائم کیا جائے گا۔ اُنہو ں نے کہا کہ عالم اسلام کی اس نمائندہ تنظیم نے آج مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا، اس وقت پورا عالم اسلام شیطانی قوتوں کا ٹارگٹ ہے ، مسلمان آپس میں گلے کاٹ رہے ہیں ایک دوسرے کے ممالک میں کھلے عام مداخلت کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارا پالا بھارت جیسے بد خصلت ملک سے پڑا ہوا ہے جس کا شروع دن سے ایجنڈا پاکستان کو کمزور کرنا ہے جس پر وہ آج بھی کابند ہے ۔اس نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی اور آج بھی ہماری سلامتی کی درپے ہے، وہ ہر قسم کے ایٹمی اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہے ، مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ تسلط بر قرار رکھے ہوئے ہے اورپاکستان کے داخلی معاملات میں کھلی مداخلت کر رہا ہے جس پر عالمی اداروں اور بڑی طاقتوں کا دوہرا معیار سوالیہ نشان ہے۔
تحریک نفاذفقہ جعفریہ کی کال پرآج یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر مظاہرے اورریلیاں ہوں گی
May 18, 2018