آسٹریلیوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن کی مسلمانوں کو رمضان المبارک کے آغاز پر مبارکباد

May 18, 2018

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے پاکستان، آسٹریلیا اور دنیا بھر میں مسلمانوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 1.8 ارب سے زائد مسلمانوں کیلئے رمضان روزہ، نماز اور صدقہ کا مہینہ ہے، مسلمان اور پاکستانی نہ صرف آسٹریلیا میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ دنیا بھر میں اپنے روابط کو مضبوط بنا رہے ہیں، آسٹریلیا کی ہائی کمشنر کے طور پر، میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششیں جاری رکھوں گی۔ جمعرات کو آسٹریلین ہائی کمیشن کے مطابق مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ یہ رمضان ہمارے دو ممالک کے درمیان تعلقات کی تاریخ پر غور کرنے کا بھی اہم موقع ہے۔ کیوںکہ اس سال ہم پاکستان میں آسٹریلیا کی سفارتی نمائندگی کی 70 ویں سالگرہ بنا رہے ہیں، دوطرفہ تعلقات بڑھ رہے ہیں، آسٹریلیا پاکستانی طلباء کیلئے پسندیدہ تعلیمی منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 2 بلین ڈالرتک پہنچ چکا ہے۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے عوام کی ترقیاتی تعاون میں شراکت داری، پائیدار معاشی ترقی، قومی استحکام اور صنفی مساوات کی حمایت کرتا ہے۔ ہمارا طویل عرصہ دفاعی تعاون ہمارے دو طرفہ تعلقات کا ایک اہم عنصر ہے، آسٹریلیا کی حکومت اور آسٹریلیا کے عوام پاکستان کے ساتھ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف یکجا ہیں۔

مزیدخبریں