عید کے بعد مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی کیخلاف عوام سے رجوع کریں گے: سراج الحق

May 18, 2019

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے قوم کو اپنے ہاتھوں سے آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے مہنگائی کے خلاف نہ کوئی احتجاج کیا اور نہ دھرنا دیا، ہم عید کے بعد مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف عوام سے رجوع کریں گے۔حکومت کی ایمنسٹی سکیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم فراڈ ہے، اس کا نتیجہ بھی لوٹو اور پھوٹو نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ حرام کی دولت کو حلال کرنے کی کوشش کریں گے تو یہ جائز نہیں ہے۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ افسوس حکمرانوں نے رمضاں کو مشکل اور مہنگائی کا مہینہ بنا دیا، حکومت نے رمضان میں اپنے وعدوں کے 100 فیصد خلاف کام کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے۔انہوں نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے سچ بولتے ہوئے بتا دے کہ وہ ناکام ہو چکی ہے۔

مزیدخبریں