رتوڈیرو: ایچ آئی وی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ میں حیران کن انکشافات، بدین جیل کے 4 قیدیوں میں ایڈز کی تصدیق

کراچی(نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مسعود سولنگی نے رتوڈیرو میں ایچ آئی وی پھیلنے سے متعلق تحقیقات مکمل کرلیں۔ڈی جی ہیلتھ کی تحقیقاتی رپورٹ میں ایچ آئی وی پھیلنے کے حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق رتوڈیرو میں 14 ہزار سے زائد لوگوں کی اسکریننگ کی گئی جن میں 534 افراد میں ایچ آئی وی وائرس کی تصدیق ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایچ آئی وی وائرس میں مبتلا افراد میں 270 خواتین اور 264 مرد شامل ہیں جب کہ 534 متاثرہ افراد میں 70 فیصد کی عمریں 2 سے 5 سال کے درمیان ہیں۔واضح ہے کہ لاڑکانہ میں سرکاری ڈاکٹر کی جانب سے ایڈز پھیلانے کا انکشاف ہوا تھا جس میں ڈپٹی کمشنر اور محکمہ صحت کے حکام کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری ڈاکٹر مظفر گھانگرو خود ایڈز کا مریض ہے۔ دوسری جانب بدین میں ایک ماہ کے دوران ایڈز کے دس کیس سامنے آنے کا انکشاف، ضلع بھر میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 90 سے تجاوز کرگئی۔ صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں ایڈز کے چار نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ یہ متاثرہ مریض ڈسٹرکٹ جیل بدین کے قیدی ہیں۔ چاروں نئے کیسز کی ڈپٹی کمشنر بدین حفیظ احمد سیال نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چاروں وائرس سے متاثرہ مریضوں کا تعلق ضلع ٹھٹھہ سے ہے اور ان کی عمریں 15 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔

ای پیپر دی نیشن