مطالبات تسلیم نہ کئے توآٹے کی سپلائی بند کر دینگے :پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن

لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب برانچ )نے فیڈ ملوں کوگندم خریداری سے نہ روکنے اور محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملوں کی گندم کی گاڑیوں کو پکڑ کر سرکاری گوداموں پر ان لوڈ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو ملاقات کر کے حقائق اور مطالبات سے آگاہ کریں گے اور اگر انہیں تسلیم نہ کیا گیا تو فلور ملوں سے آٹے کی سپلائی بند کر دیں گے ،حکومت بحرانی کیفیت کے ذمہ داران کا تعین کرے کیونکہ اگر فی الفور مناسب اقدام نہ کیا گیا تو مستقبل میں آٹے کی قلت کا اندیشہ ہے۔ اس امر کا اظہار پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا احمد نے پنجاب کے چیئرمین حبیب الرحمان لغاری ، سابق چیئرمین میاں ریاض احمد سمیت دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیکرٹری خوراک اس سے قبل سیکرٹری لائیو سٹاک کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ سیکرٹری خوراک کو فی الفور تبدیل کیا جائے اور ہمارے مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فلور ملز اوپن مارکیٹ سے گندم خرید کر اپنی پسائی کی ضروریات پوری کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن