لاہور )کامرس رپورٹر( لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے ڈالرکی قیمتوں میں یکمشت بھاری اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ وزارت اور خزانہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان کوفوری حرکت میں آنا چاہیے تاکہ روپے کی قدر میں کمی کو کنٹرول کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ بہت بھاری ہے، صنعت و تجارت متاثر ہوگی اورمہنگائی میں بے تحاشا اضافہ ہوگا اور عام آدمی کی زندگی پر بہت برے اثرات مرتب ہونگے۔ یکمشت اضافے نے بہت سے سنگین مسائل کو جنم دیا ہے، اس سے درآمدی خام مال مہنگا ہوا ہے، آئل امپورٹ بل مزید بڑھ جائے گا جبکہ قرضوں میں بھی ازخود اضافہ ہوگیا ہے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ فوری طور پر ان تمام عوامل کا جائزہ لے جو روپے کو مسلسل کمزور کررہے ہیںاور ان وجوہات پر قابو پائے تاکہ روپے کی قدر اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو۔