پڈعیدن: مال گاڑی کی 13 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 18 گھنٹے بعد اپ ٹریک بحال

نوشہرہ فیروز، کراچی ( نوائے وقت رپورٹ، نیوز ایجنسیاں) ضلع نوشہرو فیروزکے علاقے پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کوحادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 13 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں۔ دیگر مسافر ٹرینوں کو متعدد سٹیشنز پر روک لیا گیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گرین لائن ایکسپریس کو پڈ عیدن اور خیبر میل ایکسپریس کو باندھی ریلوے سٹیشن‘ سکھر جانے والی سکھر ایکسپریس کو نوابشاہ اور ملت ایکسپریس کو رانی پور ریلوے سٹیشن پر روکا گیا۔ کراچی اور پنجاب کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔حادثے کا شکار ہونے والی مال گاڑی میں کنٹینرز لوڈ تھے جو کراچی سے لاہور لے جائے جارہے تھے۔ ذرائع کے مطابق علامہ اقبال ، ملت ، بزنس، قراقرم، تیزگام، کراچی، ایکسپریس، رحمن بابا، گرین لائن اور شاہ حسین ایکسپریس کو مختلف مقامات پر روک لیا گیا۔ 18 گھنٹے بعد اپ ٹریک بحال کردیا گیا۔ ڈی ایس ریلوے ملک فاروق کے مطابق شالیمار ایکسپریس کو پڈعیدن سے لاہور کیلئے روانہ کردیا گیا۔ ڈائون ٹریک کو بھی جلد بحال کردیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن