چونگی امر سدھو‘ ڈولفن فورس کی فائرنگ سے 40 سالہ راہگیر خاتون جاں بحق

لاہور (نمائندہ خصوصی) ڈولفن فورس کی فائرنگ سے راہگیر 40 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔ ڈولفن اہلکاروں نے مشکوک افراد کے فرار ہونے کی کوشش کے دوران فائرنگ کی تھی جس سے خاتون کو گولی لگ گئی ،تفصیلات کے مطابق فیروزپر روڈ کے علاقہ چونگی امر سندھو بینک سٹاپ کے قریب ڈولفن اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کا پیچھا کیا تاہم اس دوران ان مشکوک افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی تو ڈولفن اہلکاروں نے فائرنگ کر دی۔ مشکوک افراد ڈکیتیوں میں ملوث بتائے گئے ہیں۔ ایک گولی سڑک پر موجود یوحنا آباد کی رہائشی خاتون نسرین کے سر میں جا لگی جس سے وہ خون میں لت پت ہو کر سڑک پر گر گئی۔ واقعہ کے بعد خاتون کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے فیروز پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور بی اے ناصر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔اہل علاقہ کے احتجاج کرنے سے فیروزپر روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں ٹریفک جام ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس کے مطابق واقعہ کے حوالے سے قانونی کاروائی جاری ہے جبکہ ڈولفن اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد ایس پی ڈولفن سکواڈ بلال ظفر بھی موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات شروع کردیئے ایس پی ڈولفن کا کہنا تھا کہ واقعہ میں انصاف کیا جائے گا اور جو بھی قصوروار پایا گیا اسے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ڈولفن اہلکاروں کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی لے لیے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن