70برس میں کرپٹ عناصر نے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچادیا: عثمان بزدار

May 18, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کیا اور 70 برس کے دوران کرپٹ عناصر نے لوٹ مار کر کے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی دولت کو بے دردی سے ضائع کیا گیا،جنہوں نے عوام کی خون پسینے کی کمائی کو بے دردی سے لوٹا ہے انہیں حساب دینا ہو گا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو شفاف قیادت ملی ہے، تحریک انصاف کی شفاف اور ایماندار قیادت ہی ملک کو آگے لے کر جائے گی۔ مختلف وفود سے گفتگو میںوزیراعلیٰ نے کہا کہ کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو عوام الیکشن میں مسترد کر چکے ہیں اور یہ عناصر عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے 9 ماہ میں عوام کی خدمت کی ہے اور ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں اور یہ مشن جاری و ساری رہے گا۔ نمائشی منصوبوں اور بلند و بانگ دعوؤں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ لوٹ مار کرنے والوں کی سیاست کے دن گنے جا چکے ہیں اور انہیں نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیئے۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں۔ شعبدہ بازوں نے نمائشی منصوبوں کے ذریعے صوبے کو کنگال کیا۔ ماضی کے بوئے ہوئے کانٹے چن چن کر صاف کررہے ہیںاور تبدیلی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ افسوس ماضی میں سڑکیں اور پل بنائے گئے، سکولوں اور ہسپتالوں پر توجہ نہیں دی گئی۔ سابق ادوار میں اربوں کے قرضے لے کر عوام پر خرچ نہیں کئے گئے۔ ماضی قریب میں ذاتی تجوریاں بھری گئیں اور عوام کو خالی نعروں پر بہلایا گیا۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بعد ملک کو شفاف قیادت نہیں ملی جبکہ گزشتہ 10 برس کے دوران کرپشن، لوٹ مار اور بدانتظامی کا راج رہا۔ ماضی کی حکومتیں دیانتدار ہوتیں تو آج پاکستان کا بچہ بچہ مقروض نہ ہوتا۔عثمان بزدارنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کشمیریوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے ویمن قومی کرکٹ ٹیم کی سپنرثناء میر کو ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے پر مبارکباددی ہے۔ عثمان بزدار کی ہدایت پرصوبہ بھر میں چینی اور گندم ذخیرہ کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیااور چینی اور گندم ذخیرہ کرنیوالوں کے خلاف 12اضلاع میں کارروائی کی گئی۔ 10روز میں کارروائی کے دوران ذخیرہ کی گئی 1لاکھ60ہزار من چینی اور 25لاکھ من گندم قبضے میں لے لی گئی۔

مزیدخبریں