لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سپورٹس صوبائی معاملہ بن چکا ہے،فیڈریشنز کو اپنے فنڈز خود پیدا کرنا ہونگے،اب فنڈنگ کیلئے حکومت پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے ان حالات میں حکومت محدود فنڈز ہی جاری کر سکتی ہے۔ ایک وقت تھا کہ ہاکی کا کھیل پاکستان کا پرائیڈ تھا۔ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ شہباز سینئر نے انہیں استعفیٰ دیکر واپس نہیں لیا تھا۔ فیڈریشن نے آصف باجوہ کو نیا سیکرٹری تعینات کیا ہے۔کمیٹی اجلاس میں شریک سابق اولمپئین منظور جونیئرنے کہا کہ وہ شہباز سینئر کے استعفیٰ کی منظوری پر فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ استعفی کی منظوری میں بہت دیر کی گئی،ہاکی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر شہباز سینئر کو عہدے سے ہٹا دینا چاہیے تھا۔