نیب بقا کی جنگ لڑ رہا ‘عدالتوں میں کیسز کو ثابت نہیں کرپارہا:حافظ حسین

عبدالحکیم (این این آئی ) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ نیب کی حکومت کی طرف والی آنکھ کی نظر کمزور جبکہ اپوزیشن کی طرف والی آنکھ کی نظر تیز ہے، نیب اب اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، نیب عدالتوں میں کیسز کو ثابت نہیں کرپارہی۔ وفاقی کابینہ میں منتخب کابینہ کے بجائے غیر منتخب نابینا کی تعداد زیادہ ہے۔ چوہدری برادران کو اب واضح کرنا ہوگا کہ جے یو آئی کی امانت محفوظ ہے یا اس میں خیانت کی گئی ہے حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ایک ہی ہیں البتہ ایک سکے کے دو ہی رخ ہوتے ہیں، جب کسی کھیل میں سکہ پھینکا جاتا ہے تو وہ کبھی کسی رخ تو کبھی کسی رخ بیٹھتاہے، سکے کے ایک رخ پر بڑے میاں ’’ووٹ کے تقدس‘‘ کی بات کررہے ہیں تو دوسرے رخ پر چھوٹے میاں ’’بوٹ کے تقدس‘‘ کی بات کررہے ہیں سکہ ایک ہی ہے لیکن رخ الگ الگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے پیشنگوئی کی ہے کہ عید کے بعد دونوں طرف سے گرفتاریاں ہوگی شیخ رشید کی پیشنگوئیاں دو سال سے درست ثابت نہیں ہورہی اور اب وہ ایکسپوز ہوچکے ہیں کیوں کہ وہ گذشتہ دوسال سے یہی باتیں کررہے ہیں کہ شریف برادران کا احتساب ہوگا لیکن دونوں بھائی لندن جا پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں طرف گرفتاریاں ممکن نہیں کیوں کہ ادویات اسکینڈل، چینی، آٹا اسکینڈل ہواور اب نئے ادویات کے اسکینڈل کے باوجود کسی کو اندر نہیں کیا گیا اورنہ ہی سزا دی گئی ہے، لگتا ہے کہ نیب کی حکومت کی طرف والی آنکھ کی نظر کمزور ہے اس لیے نیب کو کچھ نظر نہیں آرہا البتہ کرپشن کے حوالے سے اپوزیشن کی طرف والی آنکھ سے نیب کو سب کچھ نظر آتا ہے، انہوں نے کہا کہ نیب اب اپنی بقا کی جنگ لڑرہی ہے کیوں کہ نیب عدالتوں میں کیسز ثابت نہیں کرسکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن