چک امرو (نامہ نگار) آج قوم مسلم لیگ (ن) کے دور کو شدت سے یاد کرہی ہے۔ حکومت عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مسٹر کلین کہتا ہے فارن فنڈنگ کی کارروائی چھپا کے رکھو اسے قوم کے سامنے پیش نہ کرو۔ الیکشن کمشن فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ دے، ورنہ اسکی ساکھ بھی متاثر ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے نارووال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں حکومت کرونا حکمت عملی پر ایک کاغذ بھی پیش نہ کر سکی۔ قوم کو ایک نالائق وزیر اعظم کا سامنا ہے جس میں قومی مسئلوں کو حل کرنے کی صلاحیت نہیں۔ حکومت نے انتظامی مشینری کو اپوزیشن کے خلاف جنگ کی مشین بنا دیا ہے۔ دراصل پی ٹی آئی کی حکومت سیاسی بصیرت سے عاری ہے۔ ملک میں لاک ڈاؤن کی جتنی قسمیں پاکستان میں ایجاد ہوئیں وہ مذاق تھا۔ ہمیں سچ کہنے کی پاداش میں ڈرایا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ بولو گے، لکھو گے، پوچھو گے تو نیب پکڑ لے گا۔ انہوں نے کہا اورنج لائن کی تاخیر کی ذمہ دار یہ حکومت ہے، کیونکہ یہ چاہتے ہیں مسلم لیگ (ن) کو اگلے الیکشن میں اس کا فائدہ نہ پہنچے۔ آج پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار ہیں اور یہ لوگ نوجوانوں کے مستقبل کو ڈبو رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) صوبائی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ معیشت سیاسی قابلیت سے مستحکم ہوتی ہے جو حکمرانوں کے پاس نہیں۔ دفاع کا بجٹ پورا کرنے کے پیسے نہیں تو اس کی مجرم 18ویں ترمیم نہیں ہے۔ گورننس کے بحران سے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ چوری، ڈکیتی، راہزنی جس کو مسلم لیگ (ن) نے ختم کیا تھا آج پھر ڈرائونا خواب بن گئی ہے۔
الیکشن کمشن فارن فنڈنگ کیس میں فوری فیصلہ دے: احسن اقبال
May 18, 2020