سنگین انکشافات پر شہباز شریف کانام ای سی ایل میں ڈالاجائے: فیاض چوہان

May 18, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت شہباز شریف کے خلاف نیب تحقیقات میں کرپشن کے اہم اور سنگین انکشافات کی بنیاد پر انکا نام ای سی ایل میں ڈالے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف نے حقیقی معنوں میں کرپشن اور ٹی ٹی کے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کیا۔ انہوں نے کہا گڈ نیچر کمپنی، نثار ٹریڈنگ اور مسرور انور وغیرہ سے شہباز شریف کا تعلق اس بات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے پاس نیب تحقیقات اور شہزاد اکبر صاحب کے سوالات کا کوئی جواب نہیں اور اب ن لیگی تیس مار خاں اپنے آقاؤں پر کرپشن الزامات کے جواب میں بغلیں جھانک رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لندن سے بڑھکیں مارتے آنے والا ملک کا اپوزیشن لیڈر احتساب کی باری آتے ہی بھیگی بلی بن گیا ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ شریف خاندان نے پاکستان میں کرپشن، منی لانڈرنگ اور ٹی ٹیز کی ایک الگ دنیا بنائی ہوئی تھی۔ کرپشن کی یہ دنیا ذاتی ملازمین، جعلی کمپنیوں، کیش بوائز اور سرکاری وسائل کے غیر قانونی استعمال پر مشتمل تھی۔ فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ شہباز شریف کو ملنے والی کک بیکس کا مکمل ٹریل موجود ہے۔

مزیدخبریں