لاہور‘ فیصل آباد(اے پی پی+نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ امور مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور خاص طور پر سی پیک کے تحت بننے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے خواہشمندوں کو ہر طرح کی مدد اور سہولت فراہم کی جائے گی۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات اتوار کو چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران کہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے توانائی، زراعت، صحت، تعلیم اور تعمیراتی شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت کرونا وائرس وباء کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں ایک جامع حکمت عملی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور ٹریڈ ڈپلومیسی کے تحت سفاتخانوں کے ذریعے دنیا کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے دستیاب منافع بخش کاروباری مواقع سے آگاہ کرنے کیلئے مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کی پیداوار پر توجہ دی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون اور سماجی و معاشی ترقی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر میاں کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لئے پورے خطے خصوصاً وسطی ایشیائی ممالک اور افغانستان کے سرمایہ کاروں کے ساتھ باہمی تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پورے خطے کے لئے گیم چینجر منصوبہ ہے اور امریکہ سمیت کسی بھی ملک پر سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے کامرس، سرمایہ کاری و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ منسٹری آف کامرس کے 50 سے زائد ممالک میں موجود ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کو فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے مارکیٹنگ کی ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جا سکے۔ وہ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام ٹریڈ مشنز کو فیڈمک کے چاروں سپیشل اکنامک زونز علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، ایم تھری انڈسٹریل سٹی، ویلیو ایڈڈ انڈسٹریل سٹی اور گارمنٹس سٹی میں سرمایہ کاری کے مواقوں سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں تاکہ وہ سرمایہ کاروں سے رابطہ کاری کر کے انہیں فیڈمک کے ون ونڈو سروس سنٹر سے لنک کر سکیں۔ فیڈمک کا ون ونڈو سروس سنٹر بیرون ملک سے آنیوالے سرمایہ کاروں کو سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان میں رجسٹریشن سے لے کر پلاٹ کی الاٹمنٹ، بجلی اور گیس سمیت دیگر یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی سے لے کر کمپنی سیٹ اپ تک خدمات فراہم کرے گا۔ اس موقع پر چیئرمین فیڈمک نے وزیراعظم کے مشیر برائے کامرس و سرمایہ کاری کو سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی کے بالمقابل بنائے جانیوالے کمرشل اور بزنس زون سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ایکسپو سنٹر، ٹیکنیکل یونیورسٹی، کنٹری کلب، ہسپتال، فائیو سٹار ہوٹل، کمرشل بلڈنگز اور اپارٹمنٹس سمیت عالمی معیار کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ رزاق داؤد نے میاں کاشف اشفاق کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فیڈمک کے سپیشل اکنامک زونز میں جاری ترقیاتی کاموں کو سراہا اور کہا کہ ان پراجیکٹس کی تکمیل سے پاکستان صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا۔
سی پیک اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کو ہر سہولت دینگے: شاہ محمود
May 18, 2020