بھارت فالس فلیگ آپریشن، ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے: عمران

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دہشتگردی سے منسلک کررہا ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد قانونی ہے اور اس کی جنرل اسمبلی نے گارنٹی دے رکھی ہے۔ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو پاکستان کے ساتھ جوڑ کر فالس فلیگ آپریشن کرنا چاہتا ہے اور اپنی ریاستی دہشتگردی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ مودی کا مقبوضہ کشمیر کے بارے میں آر ایس ایس سے متاثر نظریہ واضح ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مودی نے قبضے کے ذریعے کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم کیا۔ مودی سرکار کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال کرکے غیر انسانی سلوک کررہی ہے۔ نریندر مودی کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم کرنا چاہتا ہے۔ کشمیریوں کو انسانیت سے بھی کم تر درجہ دیا جا رہا ہے اور انہیں طاقت کے ظالمانہ استعمال سے دبایا جا رہا ہے۔ کشمیریوں کو خوراک اور ادویات جیسی بنیادی ضروریات سے محروم رکھا جارہا ہے اور نوجوان نسل کی وسیع پیمانے پرگرفتاریاں جاری ہیں۔ مواصلات بند کرکے کشمیریوں کو باقی دنیا سے کاٹ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان آج کیش ایمرجنسی پروگرام کا آغاز کریں گے۔ کیش ایمرجنسی پروگرام ملازمت سے محروم افراد کیلئے ہے۔ پروگرام کے تحت بے روزگاروں کو 12ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ رقم کی فراہمی کا عمل 18مئی2020ء سے شروع ہوگا۔علاوہ ازیں ایک اور رپورٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلمان کی قوت اسکا ایمان ہے۔ اپنے ایمان کو مضبوط کرنے کیلئے اور ارشادِ نبویؐ کی پیروی کرتے ہوئے صرف اللہ کی رضا اور ثواب کی خاطر رکھے گئے روزے، ربّ ِکریم کی طرف سے ہمارے تمام پچھلے گناہوں کی بخشش کا وعدہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے صحیح بخاری کی یہ حدیث مبارکہ بھی شئیر کی کہ '' جو رمضان میں حالت ایمان اور ثواب کی نیت سے روزہ رکھتا ہے تو اس کے پچھلے گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں'' وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ ہم سب کو یہ توفیق عطا فرمائیں۔

ای پیپر دی نیشن