احتیاط کے ساتھ کاروبار کو چلایا جاسکتا ہے:اسمال ٹریڈرز

May 18, 2020

سکھر(بیورو رپورٹ) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائوں اور تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے تاجر برادری حکومت کی جانب سے بنائی جانیوالی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، تاکہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ کورونا وائرس کے پھیلائو کو بھی روکا جاسکے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیگر ملکی معاشی صورتحال کو بھی بہتر بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں حاجی عبدالستار راجپوت، عبدالقادر شیوانی، محمد زبیر قریشی، بابو فاروقی، عبدالباری انصاری، و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن نے تاجروں کو تجارتی مراکز میں کورونا وائرس سے بچائو کیلئے حکومت کی جانب سے بنائی جانیوالی ایس او پیز پر مکمل طور پر آگاہی فراہم کی اور تمام تر احتیاطی تدابیر کو لازمی طور پر اختیار کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے تاجر برادری اور پوری قوم ایک پیچ پر کھڑی ہوکر مقابلہ کر رہی ہے۔ ایک دوسرے کے تعاون کے ساتھ انشاء اللہ جلدکورونا وائرس سے نجات حاصل ہوگی۔

مزیدخبریں