اسرائیل کیخلاف صرف مذمتی قرارداد پیش کرناکافی نہیں :لاہور چیمبر آف کامرس

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور دو سو سے زائد معصوم فلسطینیوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تمام بین الاقوامی فورمز پر یہ معاملہ پوری قوت کے ساتھ اٹھائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری  نے کہا کہ کاروباری برادری اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کیخلاف جارحیت اور فلسطین میں تباہی و بربادی رونما کرنے کے گھنائونے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی جانب سے اسرائیل کے خلاف صرف مذمتی قرارداد پیش کردینا کافی نہیں ہے، حکومت او آئی سی کے اراکین ممالک پر زور د ے کہ وہ فلسطین کے خلاف جارحیت ختم کرنے کے لیے اسرائیل پر بھرپور دبائو ڈالیں ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت عالمی برادری کو واضح پیغام دے کہ اسرائیلی جارحیت کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اقوام متحدہ کے کردار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس ادارے کو خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کے بجائے اسرائیل کو جارحیت سے روکنا چاہیے وگرنہ ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن